9 جون 2014 - 13:59
ایران عالم اسلام کی قیادت کے قابل ہے/ مسلمان آپس میں مل کر صہیونی اجنڈوں کو ناکام بنائیں

شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کے صدر عاشق حسین خان نے ایران اور ہندوستان کے درمیان بہتر تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی تعمیروترقی کیلئے تعلقات اہم ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کے صدر عاشق حسین خان نے ایران اور ہندوستان کے درمیان بہتر تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی تعمیروترقی کیلئے تعلقات اہم ہیں۔ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی برسی میں شرکت اور ایران میں کئی اہم رہنماؤں سے ملاقات کے بعد واپس پہنچنے پر انہوں نے کہاکہ ایرانی حکومت اقوام عالم سے دوستی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایرانی قوم تعمیروترقی کے اس مرحلے پر پہنچ چکی ہے جس کے بارے میں ہم خیال بھی نہیں کرسکتے اور یہ ترقی اس قوم نے اپنے بل بوتے پرحاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی ترقی ہی مغربی اور صہیونی طاقتوں کو برداشت نہیں ہو رہی اور یہی وجہ ہے کہ اس ملک کے خلاف وہ ایک کے بعد ایک سازش رچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور ایران کے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں اور وہ اُمید کرتے ہیں کہ مستقبل میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے تاکہ دو طرفہ تعلقات سے تمام مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
عاشق خان نے کہا کہ ایران کے پاس تیل کے بے پناہ ذخائر ہیں جن سے ہندوستان کو بھی استفادہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایران آج اس پوزیشن میں ہے کہ وہ عالم اسلام کی قیادت کر سکے لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ مسلمان آپس میں اتحاد رکھیں اور صہیونی طاقتوں کے ایجنڈے کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ آج ملت اسلامیہ کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے تاکہ اسلام دشمن طاقتوں کا مقابلہ کیاجاسکے۔ عاشق خان کا کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ اتحاد و اتفاق کا درس دیاہے اور اس ملک کی ترقی کا سب سے بڑا راز بھی یہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ملت اسلامیہ یکجا اور متحد نہیں ہو جاتی تب تک طاغونی طاقتیں اس کا فائدہ اٹھاتی رہیں گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز